Inauguration of Model Cooperate Assistant Commissioner Office

سیالکوٹ 15 ستمبرتحصیل پسرو میں ماڈل کارپوریٹ اسسٹنٹ کمشنر آفس کا افتتاح کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید بلال حیدر نے ماڈل آفس کی تختی کی نقاب کشائی کی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور طاہر طیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی سی سیالکوٹ سید بلال حیدر نے کہا کہ ضلع بھر میں دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور جدید آلات سے آراستہ اسسٹنٹ کمشنر دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ پسرور سے قبل ڈسکہ اور سمبڑیال میں کارپوریٹ اے سی آفس کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے ۔ جہاں پر ملنے والی سہولیات کے معیار کو شہریوں نے سراہا اسی طرز پر آج پسرور میں اے سی آفس میں تمام سہولیات مہیا کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اے سی پسرور کے کارپوریٹ آفس میں بھی 4 کاونٹر قائم کئے گئے ہیں، جہاں پر تربیت یافتہ اور مستعد عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ جہاں پر درخواست دینے کے 72 گھنٹے کے اندر اندر ڈومیسائل سائل کے گھر بذریعہ کورئیر بھجوا دیا جائے گا۔ معاہدہ بیع کی 96 گھنٹوں کے اندر تکمیل ہوگی ، ملکیتی اراضی کی نشاندہی ، وراثت کی تقسیم ، مالی محصولات کی ادائیگی سمیت ریونیو کے دیگر معاملات کے بروقت حل جبکہ خدمات کے معیار کے بارے اور عوامی شکایات کے ازالہ کیلئے کمپلین مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ ائرکنڈیشنڈ ماڈل تحصیل آفس میں آنے والے سائلین کی سہولت کے لیے ٹوکن سسٹم , بیٹھنے کے لیے آرام دہ کرسیوں اور پینے کے لیے ٹھنڈے پانی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ڈی سی نے بتایا کہ سیالکوٹ کا اے سی آفس بھی جلد کارپوریٹ طرز میں تبدیل کردیا جائے گا۔